بنگلورو، 21/دسمبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا نے شہر یت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) کے خلاف منگلورو میں منعقد مظاہرے کے دوران جمعرات کو کی گئی پولیس فائرنگ کی عدالتی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس پولیس فائرنگ میں دو لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ سدارامیا نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہائی کورٹ کے موجودہ جسٹس کی صدارت میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کر کے منگلورو پولیس فائرنگ کی جانچ کی جانی چاہئے اور اس کے لئے قصوروار پائے جانے والوں کو سخت سے سخت سزاملنی چاہئے، کیونکہ دونوں مہلوکین میں سے کسی کا این آر سی یا سی اے اے کے خلاف جاری تحریک سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ پولیس فائرنگ کے لئے وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سدارامیا نے سوال پوچھا کہ بغیر وجہ علاقے میں حکم امتناعی کا نفاذ کر کے یڈیورپا نے آئین کی حفاظت کا مطالبہ کررہے لو گوں سے بنیادی حقوق چھین لیا ہے۔ پرامن طریقے سے مظاہرہ کررہے لوگوں اور معاملے سے دوری بنائے رکھنے والے حکم امتناعی کے نفاذ کے بعد تشدد بھڑک گیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ”میں پولیس فائرنگ میں بے قصور لوگوں کے مارے جانے کی ذبردست مذمت کرتا ہوں۔ یہ ایک غیر انسانی حرکت ہے اور جمہوریت کے خلاف برسر اقتدار حکومت کے رویہ کو ظاہر کرتا ہے“۔